پاکستان کا بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر سخت ردعمل، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

July 27, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور علاقائی امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کے ریمارکس جموں و کشمیر کے تنازع کی بین الاقوامی حیثیت کو نظر انداز کرنے کی کوشش ہیں، حالانکہ یہ معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس حوالے سے متعدد قراردادیں موجود ہیں۔

بیان کے مطابق ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں اور ان سے امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو دھمکی آمیز بیانات کے بجائے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ حکومت، عوام اور مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بیان میں گزشتہ برس کیے گئے آپریشن “بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اپنے دفاع کے عزم کا عملی مظاہرہ پہلے بھی کر چکا ہے۔

دفتر خارجہ نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نوٹس لے اور جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔