صدر مملکت اور وزیراعظم کا کیپٹن محمد سرور شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت
کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے فوجی تھے جنہیں مادر وطن کے لیے عظیم قربانی پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر، کیپٹن محمد سرور شہید کے 78 ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی قوم کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہے گی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادیٔ کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے فوجی تھے جنہیں مادر وطن کے لیے عظیم قربانی پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے وفاداری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے، جبکہ ایسے بہادر سپوت پاکستان کے مضبوط دفاع اور قومی وقار کی علامت ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے جان کا نذرانہ پیش کر کے حب الوطنی، فرض شناسی اور بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا، جسے قوم ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے تمام شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔