آزاد کشمیرانتخابات : 13حلقوں میں سے 6 کے نتائج مکمل، ن لیگ 4 اور پی پی 2 پر کامیاب
بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کرآگ لگا دی،232 ووٹ تھے۔
فائل فوٹو
میر پور:آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے 13حلقوں میں سے 6 کے مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ نون 4 جبکہ پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے ۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے میر پور، کوٹلی اور بھمبھر میں قائم 13 حلقوں پر آج ووٹنگ ہوئی، 5 بجے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹنگ کے لیے ایک گھنٹہ اضافی دیا گیا جس کے بعد اب غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
ایل اے 1 میرپور 1:
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 کے 139 پولنگ اسٹیشنز میں سے 111 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے اظہر صادق 12976 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 7752 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 2 میرپور 2:
حلقہ ایل اے 2 میرپور 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا اور یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12904 ووٹ لے کر میدان مارلیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 3 میرپور 3:
ایل اے 3 میرپور 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنز کا بھی غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم ليگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 4 میرپور 4:
حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کامیاب ہوگئے جبکہ اس نشست پر پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے سکے۔
ایل اے 5 بھمبر 1:
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 5 بھمبر 1 کے 176 پولنگ اسٹیشنز میں سے 115 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 21573 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 18406 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 6 بھمبر 2:
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2 کے 195 پولنگ اسٹیشنز میں سے 128 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 25902 لے کر آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 14278 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 7 بھمبر 3:
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 کے 237 پولنگ اسٹیشنز میں سے 56 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 9841 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 5497 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 8 کوٹلی 1:
حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 کے 155 پولنگ اسٹیشنز میں سے 140 کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 18543 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11093 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 9 کوٹلی 2:
حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 کے تمام 178 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 10 کوٹلی 3:
حلقہ ایل اے 10 کوٹلی 3 کے 169 پولنگ اسٹیشنز میں سے 36 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 6999 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 3560 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 11 کوٹلی 4:
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4 کے 206 پولنگ اسٹیشنز میں سے 103 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 16000 ووٹ لے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ مسلم ليگ (ن) کے محمد آصف 13501 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 12 کوٹلی 5:
حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 کے 207 پولنگ اسٹیشنز میں سے 40 کا غیر حتمی اور غیرسرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 2613 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم ليگ (ن) کے محمد ریاست خان 1255 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 13 کوٹلی 6:
حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 کے 193 پولنگ اسٹیشنز میں سے 132 کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق مسلم ليگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 18021 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 11686 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
قبل ازیں آزاد کشمیر میں الیکشن کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی، بھمبر میں ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی ہوئی۔
آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر اسے آگ لگا دی، ڈی آر او کے مطابق جس بیلٹ باکس کو آگ لگائی گئی اس میں 232 ووٹ تھے۔
بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر صورتحال نارمل رہی، دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی یا نہیں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
میرپور ضلع کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، 13 حلقوں میں 288 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹر رجسٹرڈ، جن میں سے 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1241 انتہائی حساس، اور 724 حساس قرار دے گئے ہیں۔
الیکشن کی سیکیورٹی کیلئے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات ہیں، پاک فوج کے 2100 جوان بھی الیکشن کی سکیورٹی پر مامور ہیں، انتخابات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ریٹائرڈ غلام) مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کہیں کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو پولیس کارروائی کرتی ہے، سیاسی کارکنوں سمیت کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔