عوام نے ووٹنگ میں حصہ نہ لے کراپنا فیصلہ سنا دیا ہے، تحریکِ انصاف
عوام کی ایک بڑی تعداد اپنے حقوق اور مطالبات کے لیے سڑکوں پر موجود ہے ،آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر ردعمل
فائل فوٹو
لاہور:پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا ہے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات اس حقیقت کو بے نقاب کر رہے ہیں کہ عوام کا اس انتخابی عمل پر اعتماد تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ دوسری جانب عوام کی ایک بڑی تعداد اپنے حقوق اور مطالبات کے لیے سڑکوں پر موجود ہے۔ یہ منظر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکمران جماعتیں عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہا پاکستان تحریکِ انصاف، جو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پہلے ہی ان انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہے کیونکہ موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ جب سب سے بڑی عوامی جماعت انتخابی عمل کا حصہ نہ ہو اور عوام کی بڑی تعداد بھی اس عمل سے لاتعلق نظر آئے تو ایسے انتخابات کی ساکھ خود بخود سوالیہ نشان بن جاتی ہے۔
افسوس کی بات ہے کہ آج وہی جماعتیں انتخابی میدان میں موجود ہیں جنہیں عوام پہلے ہی متعدد مواقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اقتدار کی بندربانٹ میں مصروف ہیں جبکہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، مسائل اور حقیقی نمائندگی کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ عوامی اعتماد، شفافیت اور حقیقی سیاسی نمائندگی کے بغیر ہونے والے انتخابات نہ جمہوریت کو مضبوط کر سکتے ہیں اور نہ ہی عوام کے حقیقی مینڈیٹ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایسے انتخابات کے نتائج کو عوامی رائے کا حقیقی اظہار قرار نہیں دیا جا سکتا۔آزاد کشمیر کے عوام نے آج اپنی کمزور انتخابی شرکت اور اپنے احتجاج کے ذریعے واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ نمائشی اور یکطرفہ انتخابی عمل کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ حقیقی جمہوریت صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہر سیاسی جماعت کو مساوی مواقع، آزاد ماحول اور عوام کو اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہو۔