سعودی عرب پر حملے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں،پاکستان

پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

July 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کا حامی ہے اور ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو کشیدگی میں اضافے یا علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔

ترجمان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کے لیے اپنی سفارتی اور تعمیری کوششیں آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ تمام تنازعات کو بات چیت، سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔