زندہ شخص سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار،جائیداد ہتھیانےکی کوشش بےنقاب

سمبڑیال میں جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ، قبر اور جنازے کے انکشاف پر تحقیقات شروع

July 28, 2026 · چشم حیرت

فائل فوٹو

سیالکوٹ میں جائیداد ہتھیانے کے مبینہ لالچ میں ایک زندہ شخص کو سرکاری ریکارڈ میں مردہ قرار دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

تحصیل سمبڑیال کے رہائشی نبی احمد کے حوالے سے مبینہ طور پر جعلی نمازِ جنازہ، مولوی، قبر اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا انکشاف ہوا ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے پٹواری اور متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

متاثرہ بزرگ نبی احمد اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے پیش ہوئے اور بیان دیا کہ “میں زندہ ہوں”۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مردہ قرار دیے گئے بزرگ کا ویڈیو بیان بھی جاری کر دیا۔

نبی احمد نے بتایا کہ وہ زندہ ہیں، تاہم ان کا نہ صرف ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوا لیا گیا بلکہ ان کی قبر بھی بنائی گئی اور نمازِ جنازہ بھی پڑھا دی گئی۔ ان کے مطابق یہ تمام اقدامات رشتے داروں نے وراثت کی تقسیم کے لیے کیے۔