فلسطین کا مسئلہ حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن ممکن نہیں:پاکستان
تمام فریقین کو تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دینی چاہیے۔
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی قبضہ ختم کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام فریقین کو تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دینی چاہیے۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستانی مندوب نے سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو کسی بڑے تنازع کا حصہ بنانے کی کوششیں باعث تشویش ہیں۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل ضروری ہے اور فلسطین پر اسرائیلی قبضہ برقرار رہنے تک خطے میں مستقل امن قائم نہیں ہو سکتا۔