صرف 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کا جائزہ لینے والا اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ متعارف
ریکارڈ شدہ معلومات خودکار طور پر ایک اسمارٹ فون ایپ پر منتقل ہوتی ہیں، جہاں سافٹ ویئر دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی یا دیگر ممکنہ علامات کا تجزیہ کرتا ہے۔
جرمنی کی ایک میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا جدید اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کیا ہے جو محض 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کی ایک عام خرابی، ایٹریئل فبریلیشن (Atrial Fibrillation)، کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تحقیقی نتائج کے مطابق اس ڈیوائس کی کارکردگی روایتی کلینیکل ای سی جی ٹیسٹ کے قریب قرار دی گئی ہے، جس سے مستقبل میں دل کی بیماریوں کی ابتدائی تشخیص مزید آسان ہو سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے تیار کردہ اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ عام نشست کی طرح دکھائی دیتا ہے، تاہم اس میں جدید ای سی جی سینسر نصب کیے گئے ہیں۔ جب کوئی شخص تقریباً 30 سیکنڈ تک اس پر بیٹھتا ہے تو یہ دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتا ہے۔
ریکارڈ شدہ معلومات خودکار طور پر ایک اسمارٹ فون ایپ پر منتقل ہوتی ہیں، جہاں سافٹ ویئر دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی یا دیگر ممکنہ علامات کا تجزیہ کرتا ہے۔
محققین نے اس ڈیوائس کے ای سی جی سسٹم کا موازنہ اسپتالوں میں استعمال ہونے والے روایتی 12 لیڈ ای سی جی سے کیا، جس میں دونوں طریقوں کے نتائج میں قابلِ ذکر مطابقت دیکھی گئی۔ ابتدائی تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ایٹریئل فبریلیشن کی بروقت شناخت میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ایٹریئل فبریلیشن دل کی دھڑکن کی ایک عام خرابی ہے، جس کی بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں فالج اور دیگر سنگین طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اسی لیے ابتدائی مرحلے میں اس بیماری کی شناخت کو انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد نے بغیر کسی خصوصی تربیت کے صرف چند سیکنڈ تک اس ڈیوائس کا استعمال کیا، جبکہ ایپ نے خودکار طور پر ڈیٹا ریکارڈ اور اس کا تجزیہ کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید طبی تحقیقات اور ریگولیٹری منظوری کے بعد ایسی ٹیکنالوجی مستقبل میں گھریلو طبی نگرانی کا اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔