پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر آج دستخط کا امکان

جدہ میں شہباز شریف، محمد بن سلمان اور رجب طیب اردوغان کی ملاقات متوقع، غیرملکی میڈیا کا دعویٰ

August 7, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی مشترکہ دفاعی معاہدے پر آج جمعہ کو جدہ میں دستخط کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کسی بھی ملک کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی اور برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے مختلف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق سعودی حکومت سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ معاہدے پر جمعے کے روز بحیرۂ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں دستخط کیے جائیں گے۔ سعودی فوج سے قریبی تعلق رکھنے والے ایک دوسرے ذریعے کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر کافی عرصے سے بات چیت جاری تھی، تاہم خطے میں حالیہ پیش رفت کے باعث اس عمل میں تیزی آئی ہے۔

روئٹرز نے بھی مختلف ذرائع کے حوالے سے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے، تاہم تینوں ممالک میں سے کسی نے بھی اس بارے میں سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

دوسری جانب پاکستان کے دفترِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف ڈیفنس فورسز اور دیگر وفاقی وزرا شامل ہیں۔

دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تزویراتی تعاون، علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

دفترِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہو رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تزویراتی تعاون اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔