کسٹمز کاسپرنٹنڈنٹ اور2انسپکٹرز بدعنوانی،بھتہ خوری اورمجرمانہ سازش کےالزامات پر گرفتار
پہلے 50 لاکھ رشوت طلب کی، بعد ازاں مبینہ طور پر 25 لاکھ پر اتفاق ہوا
فائل فوٹو
اسلام آبادفیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے
بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کسٹمز کے ایک سپرنٹنڈنٹ اور دو انسپکٹرز کو رشوت ستانی، بھتہ خوری، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مجرمانہ سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی ایک شہری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ کسٹمز کے مذکورہ افسران نے باہمی ملی بھگت سے اسے ہراساں کیا، مختلف نوعیت کی دھمکیاں دیں اور کسٹمز کے زیر التواء مجرمانہ مقدمے میں ناجائز رعایت فراہم کرنے کے عوض ابتدا میں 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔بعد ازاں مذاکرات کے بعد مبینہ طور پر رشوت کی رقم 25 لاکھ روپے پر طے پائی۔
درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ مطالبہ پورا نہ کرنے کی صورت میں اسے اور اس کے اہل خانہ سمیت ساتھیوں کو بھی مقدمے میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
ایف آئی اے نے شکایت کی تصدیق کے لیے مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنے اور قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں اسلام آباد کے سیکٹر آئی8 میں واقع MYST Café میں ٹریپ ریڈ کی۔ کارروائی کے دوران پاکستان کسٹمز کے ایک انسپکٹر کو مبینہ رشوت کی پہلی قسط، پانچ لاکھ روپے وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق نشان زدہ کرنسی ملزم کے قبضے سے برآمد کر لی گئی، جبکہ اس کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار انسپکٹر کے موبائل فون کی ابتدائی فرانزک جانچ کے دوران وائس چیٹس اور دیگر مواد سامنے آیا، جن سے مبینہ طور پر شکایت کنندہ سے رقم وصول کرنے کی منصوبہ بندی اور اس کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے حوالے سے مجرمانہ سازش کے شواہد ملے ہیں۔ فرانزک تجزیے کی روشنی میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 161 اور 109 جبکہ پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کر لی ہے۔ گرفتار انسپکٹر کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے مزید تفتیش کے لیے پانچ روز کے ریمانڈ پر ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔