خیبرپختونخوا اسمبلی،تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم کردی گئی

ہری پور اور ایبٹ آباد کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنےکی تجویز پرخیبرپختونخوا اسمبلی کا ردعمل

August 7, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین اسمبلی کے لیے مختص مراعات و استحقاق ایکٹ 2026 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور کرلیں، جس میں تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق واپس لے لی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی صدارت میں ہوا، جہاں استحقاق اور مراعات کے قانون میں ترمیمی بل منظور کیا گیا۔

نئی ترامیم کے تحت اراکین اسمبلی کے لیے بلیو پاسپورٹ کی سہولت صرف مدت رکنیت تک محدود کر دی گئی ہے، جبکہ تاحیات بلیو پاسپورٹ کی شق ختم کردی گئی۔

ترمیمی بل کے مطابق رکن اسمبلی کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ کم کرکے 4 مقرر کردی گئی ہے، جبکہ صحافیوں کے لیے جرمانے اور سزاؤں میں بھی کمی کی گئی ہے۔

اسمبلی نے فرسٹ شیڈول میں موجود متنازع شقوں میں بھی ترامیم منظور کرلیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی نے ہری پور اور ایبٹ آباد کو وفاقی دارالحکومت میں شامل کرنے کی تجویز کے خلاف قرارداد بھی منظور کرلی۔

یہ قرارداد صوبائی وزیر اکبر ایوب نے پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور اور ایبٹ آباد خیبرپختونخوا کا اٹوٹ انگ ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ سیاسی و معاشی طور پر اور قدرتی وسائل پر خیبرپختونخوا کا حق ہے، جبکہ صوبے میں موجود قدرتی وسائل بھی خیبرپختونخوا کی ملکیت ہیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے مراعات و استحقاق ایکٹ 2026 میں ترامیم کی منظوری کے بعد اجلاس 10 اگست تک ملتوی کردیا۔