سلمان اکرم راجا کا مال روڈ پر ہلاک ’پی ٹی آئی کارکن‘ سے لاتعلقی کا اظہار

سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان، ہم جمعرات کو حقیقی آزادی کے لیے دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے، میڈیا سے گفتگو

August 11, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے مال روڈ واقع میں ملوث دہشتگرد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جب کہ مشعال یوسف زئی کے خلاف سخت ایکشن کا اشارہ بھی دے دیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی کال پر پی ٹی آئی کے رہنما اور وکلا سپریم کورٹ کے باہر پہنچے، پی ٹی آئی ایم این اے شاندانہ گلزار، جنید اکبر اور وکلا سپریم کورٹ کے باہر موجود تھے جبکہ اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس کی نفری بھی سپریم کورٹ کے باہر تعینات رہی۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، جو بھی دستیاب فورم ہوگا اسے استعمال کریں گے۔ ہمیں اندازہ ہے کہ سسٹم بے توقیر ہو چکا اور ادارے یرغمال ہو چکے ہیں۔ چیف جسٹس صاحب کو بھی یاد دہانی کروانی ہے کہ عدلیہ کی بے توقیری ہو رہی ہے۔ سلمان اکرم راجہ میرے بھائی ہیں، اختلافات ہوتے رہتے ہیں، ہمیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جس سے اختلاف بڑھیں۔ کسی کے خلاف کارروائی کرنی ہے یا نہیں، یہ فیصلہ کرنا سینئر قیادت کا کام ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی ہے، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق درخواستیں زیر التوا ہیں۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے ہفتے کیسز سماعت کے لیے مقرر ہو جائیں گے، دو روز بعد کاز لسٹ بھی جاری کردی جائے گی۔ ہم نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز فوری طور پر سنے جائیں اور ان کی بہنوں اور معالجین سے ملاقات کرائی جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمعرات کو حقیقی آزادی کے لیے دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے، پوری قوم سے کہتا ہوں 13 اگست کو نکلیں۔

بعد ازاں اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے مال روڈ واقع میں ملوث دہشتگرد سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جب کہ مشعال یوسف زئی کے خلاف سخت ایکشن کا اشارہ بھی دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم کو کال ہے، ملک میں انقلاب قومیں لاتی ہیں، 50 سے 70 ہزار پارٹی عہدیدراوں انقلاب لانا ہے تو وہ نہیں لاسکتے، انقلاب تب آئے گا جب ہر گلی کوچے سے لوگ نکلیں گے، 5 اگست کو لاہور شہر کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوا، یہ شروعات ہے پنجاب میں چھوٹے بڑے ایونٹس ہوئے یہ چیز اب بڑھے گی۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اچکزئی سے کوئی گلے شکوے تھے، ہم بیٹھے وضاحت ہوگئی، اگر کوئی اپنا مخصوص ایجنڈا رکھتا ہے تو پارٹی میں اس کو کچلا جائے گا، آپ لاہور کا معاملہ دیکھیں میرا حلقہ این ائ 128 ہے میرے حلقے میں 5 ایم پی اے سب سے رابطہ ہے، کسی بھی حلقے میں سیاسی عہدیدار ہو سب سے میٹنگ ہوتی ہے، مجھ سے رہنمائی لیتے ہیں، لاہور کا حلقہ ہر جگہ موجود ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مشعال کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کور کمیٹی، پارلیمانی پارٹی کرے گی، مجھے نہیں پتا کیا ہوگا لیکن اب کچھ نہ کچھ کریں گے۔