اسلام آباد میں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب، قومی اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ
مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز کے دستے بھی شریک ہیں، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دستے بھی تقریب کا حصہ
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں یادگار فتح کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد جاری ہے، جس میں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاع وطن کے عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
تقریب میں مسلح افواج کے ساتھ سول آرمڈ فورسز کے دستے بھی شریک ہیں، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دستے بھی تقریب کا حصہ ہیں۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پولیس کے دستے بھی تقریب میں شریک ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب کے مہمان خصوصی ہیں، بگل بجا کر صدر مملکت کی آمد کا اعلان کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی صدر مملکت کے ہمراہ تقریب میں پہنچے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک ہیں۔
سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور غیرملکی سفارت کار بھی تقریب میں شریک ہوئے، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں اتحاد، یکجہتی اور قومی وحدت کی خوبصورت عکاسی کی گئی، یادگار فتح کو قومی تاریخ، معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں اور عزم صمیم کی علامت قرار دیا گیا، جبکہ باوقار دستے قومی اتحاد اور یگانگت کی علامت بنے۔
تقریب کے دوران یادگار فتح کی تعمیر سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔