پانی ریڈ لائن ہے، بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیں گے، وزیراعظم

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کو دو ٹوک پیغام، یادگارِ فتح کی تقریب سے وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب

August 14, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اعلان کرتا ہوں پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

اسلام آباد میں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے، یادگار فتح کے سائے میں پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، پوری قوم، فیلڈ مارشل اور افواج پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں

شہباز شریف نے کہا کہ یادگار فتح ہماری عزم و ہمت، مسلح افواج کی مہارت اور برتری کی علامت ہے، معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہماری افواج نے دشمن کو شکست دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یادگار فتح افواجِ پاکستان کی برتری کی علامت ہے، آج دِلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔ معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، دشمن کو عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح کا ڈیزائن منفرد ہے، 8 ماہ میں شاندار یادگار کی تعمیر کی گئی، فیلڈ مارشل اور ان کی ٹیم کو یادگار فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 8 ماہ کے قلیل عرصے میں یادگار فتح کی تعمیر فیلڈ مارشل کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے، یادگار فتح قومی اتحاد کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم امن کے لیے عزت اور وقار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئی نسل کو ترقی کے مواقع دیں گے، چاہتے ہیں دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا، ترکیے بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے، مکہ دفاعی معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے، فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کے لیے ہمارا موقف دو ٹوک ہے، قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔