لاہور میں پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والا ریحان بٹ والد سمیت مارا گیا
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد لاہور میں فائرنگ کے بعد ایک سرکاری گاڑی لے کر فرار ہوگئے تھے۔
فائل فوٹو
لاہور بادامی باغ اور نواں کوٹ میں اہلکاروں کو شہید کرنے والے باپ بیٹا مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گرد لاہور میں فائرنگ کے بعد ایک سرکاری گاڑی لے کر فرار ہوگئے تھے۔
سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس، لاہور پولیس، شیخوپورہ پولیس سمیت دیگر ٹیمیں دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے تعاقب میں تھیں۔ شیخوپورہ راوی ریان کے قریب دہشت گرد گاڑی چھوڑ کر ایک گھر میں داخل ہوگئے اور گھر والوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔
لاہور پولیس، سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن اور سی سی ڈی شیخوپورہ پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا۔ دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
دو طرفہ فائرنگ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی۔
دہشت گردوں نے لاہور بادامی باغ میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد کو شہید کیا، جبکہ نواں کوٹ میں اہلکار حارث کو شہید اور 3 اہلکاروں کو زخمی کیا۔ زخمی اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تیسرے فرار دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔