وزیراعظم کی صدر سے ملاقات، سعودی عرب، ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدے، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی اور ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔

August 14, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ طے پانے والے دفاعی معاہدے اور علاقائی صورت حال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سےایوان صدر میں ملاقات ہوئی اور وزیراعظم نے صدر کو یوم آزادی کی مبارک باد دی، اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ‎وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا اور صدر مملکت نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔