حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے دباؤ میں آگئی ، مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹرمقرر
پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی،اس سے قبل مارجن8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:اقتصادی رابطہ کونسل ( ای سی سی) نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی، پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر کردیا گیا،اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ڈیلرز مارجن بڑھانے پر وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا، پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن 1روپے 34 پیسے بڑھا کر 9 روپے 98 پیسے کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں اپنے ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ وصولیاں کیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 1560 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 50 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریبا 100 ارب روپے جبکہ آئی ایم ایف کے تخمینے سے21ارب روپے زیادہ رہی۔
اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر77روپے 28 پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی الگ سے بھی وصول کی جا رہی ہے۔