آزاد کشمیر الیکشن:باغ کے دو حلقوں میں 23 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ جاری

ری پولنگ کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔

August 15, 2026 · اہم خبریں

آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے دوران ضلع باغ کے دو حلقوں کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ری پولنگ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 جبکہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ہو رہی ہے۔ الیکشن حکام کے مطابق ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر 7 ہزار 4 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ ایل اے 15 کے 9 پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ری پولنگ کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ دونوں حلقوں میں 10 اگست کو عملہ مقررہ پولنگ اسٹیشنز پر نہ پہنچنے اور بعض مقامات پر کشیدگی کے باعث پولنگ کا عمل ملتوی کردیا گیا تھا۔

ری پولنگ کے دوران انتخابی عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔