چئیرمین عوامی دست و بازو ساجد عباسی کو حکومت میں شامل کرنے کا فیصلہ، نواز شریف نے منظوری دے دی

ساجد عباسی کو کابینہ میں شامل کر کے اہم وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا، ذرائع

August 16, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 مری :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ایک اہم سیاسی پیش رفت کے تحت عوامی دست و بازو پارٹی کے چیئرمین ساجد عباسی کو حکومت میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ساجد عباسی کو کابینہ میں شامل کر کے اہم وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آزاد کشمیر میں کی گئی اعلیٰ سطح کی سیاسی مشاورت اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ قائد (ن) لیگ میاں محمد نواز شریف نے ساجد عباسی کی شاندار سیاسی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں حکومتی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ چئیرمین عوامی دست و بازو ساجد عباسی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں سابق وزیراعظم و سینئر سیاستدان سردار عتیق احمد خان کو اپ سیٹ شکست دے کر بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی اس یادگار اور تاریخی فتح کے بعد سے ہی انہیں نئی حکومتی تشکیل میں اہم کردار دیے جانے کی توقعات کی جا رہی تھیں۔

اس فیصلے پر عوامی دست و بازو اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میں شدید خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ساجد عباسی کے حامیوں اور خطے کے سیاسی حلقوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی حکومت میں شمولیت سے آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے مثبت پیش رفت ہوگی۔