اسلام آباد: جماعت اسلامی کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں احتجاج جاری ہے۔
کراچی میں خضرا مسجد سے جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا، جو کراچی پریس کلب روڈ سے گورنر ہاؤس کی جانب روانہ ہوئی۔ ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے گورنر ہاؤس جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جس کے باعث صدر کے اطراف میں ٹریفک بری طرح جام ہے۔
رکاوٹوں کے باعث امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی قیادت میں ریلی کے شرکا نے گورنر ہاؤس کے قریب فوارہ چوک پر دھرنا دے دیا۔
دوسری جانب لاہور میں جماعت اسلامی نے چیئرنگ کراس پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا۔ کارکنان مسجد شہدا سے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس پہنچے، جہاں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان دھرنے میں پہنچ گئے۔
جماعت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، لیوی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کی قیادت امیر صوبہ جاوید قصوری و دیگر رہنماؤں نے کی۔
امیر جماعت اسلامی وسطی خیبرپختونخوا عبدالوسع نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ظالمانہ نظام ہے جس کے باعث عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1205 ارب روپے وصول کیے، جبکہ یہ لیوی کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں پر اضافی بوجھ ہے۔
پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کے باعث صدر خیبرپختونخوا اسمبلی چوک تک روڈ بند ہے، دھرنے سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ خطاب کریں گے۔
احتجاج کے پیش نظر چیئرنگ کراس پر پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے یا کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔