مکہ دفاعی معاہدہ،شہباز شریف کا ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم

پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف برادر ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

August 17, 2026 · اہم خبریں

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت ردعمل کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے حوصلہ افزا کلمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر نہ صرف برادر ممالک بلکہ پورے خطے کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

شہباز شریف نے امریکی صدر کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی فیصلہ کن کوششوں نے جنوبی ایشیا میں ایک بڑے تصادم کو روکنے اور انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار امن ہی عوام کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہییں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اہم اور جرات مندانہ قدم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے مطابق مصر بھی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتا ہے۔