ساجد عباسی نے اپنی جماعت جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کو مسلم لیگ ن میں ضم کردیا
سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کو تقریباً 21 ہزار ووٹوں کی بھاری برتری سے شکست دی تھی
اسلام آباد۔حلقہ ایل اے 14، باغ سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب رکن اور جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی نے مسلم لیگ ن سے اتحاد کا اعلان کردیا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں رانا ثنا اللہ امیر مقام طارق فضل چوہدری اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ اعلان کیا ۔ ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر آگے بڑھے گی اور آزاد کشمیر خصوصاً حلقہ غربی باغ کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مشکل حالات کے باوجود غیر جانبدار اور پرامن انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے۔ موجودہ حالات میں انتخابات کرانے پر فورسز اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی اسمبلی مشکل حالات میں تشکیل پانے جارہی ہے۔ آزاد کشمیر میں کافی عرصے سے پسماندگی موجود ہے اور ہمارا مقصد آزاد کشمیر کو اندھیروں سے نکال کر تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کرلیا ہے۔ میری جماعت نے مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے اور مسلم لیگ ن کو ووٹ دے گی، جبکہ مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد میں آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ غربی باغ کا الیکشن ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم ایل اے 14 کی عوام نے ان کی جماعت ’عوامی دست و بازو‘ کا بھرپور ساتھ دیا۔ اب مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ مل کر حلقہ غربی باغ اور آزاد کشمیر کی پسماندگی دور کرنے کیلئے کام کریں گے۔
مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے ساجد اقبال عباسی کو مسلم لیگ ن کے ساتھ چلنے کے فیصلے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ساجد عباسی ایل اے 14 سے منتخب ہوئے ہیں اور ان کے حلقے کے عوام نے ان پر بھاری اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے ساجد عباسی سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ بنیں اور کندھے سے کندھا ملا کر آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کریں۔ ساجد اقبال عباسی نے ہماری درخواست قبول کرتے ہوئے ہمارے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجا فیصل اور ساجد اقبال عباسی مل کر آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی اور علاقے کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے آزاد کشمیر میں دھرنا دینے والے مظاہرین کے حوالے سے کہا کہ جو لوگ دھرنے میں بیٹھے ہیں ہم انہیں اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ ان میں ایک دو فیصد لوگ کسی اور ایجنڈے پر ہوسکتے ہیں، تاہم 99 فیصد لوگ محب وطن پاکستانی ہیں۔ دھرنے میں موجود لوگوں کو نیا پیغام دینے اور ان کی مایوسی ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات بہترین انداز میں کروائے گئے اور انتظامیہ و فورسز نے پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے اچھا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ ساجد اقبال عباسی کو ساتھ چلنے کی دعوت دی تھی، آج انہیں مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے وژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا سفر آگے بڑھایا جائے گا اور ساجد اقبال عباسی کو بھی اسی مقصد کیلئے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فاروق نے ساجد اقبال عباسی کو اپنی جماعت کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلم لیگ ن کی ٹیم میں شمولیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کے مسائل کو بہتر بنانا ہے اور جواب دہ ٹیم کو سامنے لانا ہے۔ ساجد اقبال عباسی کی شمولیت سے ہماری ٹیم مزید مضبوط ہوگی اور ہم سب مل کر آزاد کشمیر میں بہتر ماحول، تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے باوجود غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہوا ہے۔ اب نئی اسمبلی کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا ازالہ اور خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے میں موجود مظاہرین کو بھی مثبت پیغام دینے کی کوشش کی جائے گی اور ان کی مایوسی ختم کرنے کیلئے بات چیت اور عملی اقدامات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ن لیگ کا ہمیشہ سے تعمیر و ترقی کا نظریہ رہا ہے اور اسی مقصد کیلئے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے ساجد اقبال عباسی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام رہنما مل کر آزاد کشمیر بالخصوص غربی باغ کی پسماندگی دور کرنے، گورننس بہتر بنانے اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ساجد عباسی نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کو تقریباً 21 ہزار ووٹوں کی بھاری برتری سے شکست دی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ان کی سیاسی کارکردگی کو سراہا اور انہیں حکومت سازی میں شامل کرنے کی دعوت دی تھی، جسے اب انہوں نے قبول کر لیا ہے۔ ساجد عباسی کو وزیر بھی بنایا جائے گا ۔