ایران سے مذاکرات کا راستہ بند نہ کریں، اردوان کا ٹرمپ کو مشورہ

ایران کے ساتھ مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھا جائے اور تنازع کے حل کے لیے بات چیت سے فائدہ اٹھایا جائے۔

August 18, 2026 · اہم خبریں

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھا جائے اور تنازع کے حل کے لیے بات چیت سے فائدہ اٹھایا جائے۔

ترک صدارتی دفتر کے مطابق اردوان اور ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت ایران اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون اور معاہدوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

صدر اردوان نے امریکی ہم منصب سے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے سفارتی ذرائع کو ترجیح دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ترک صدر نے غزہ کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی حملے ایسے وقت جاری ہیں جب امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کی توقع کی جارہی تھی۔

اردوان نے غزہ میں جنگ بندی اور امن عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں صدور کے درمیان ہونے والی گفتگو میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی سمیت دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔

ترکیہ کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حل فوجی کارروائی کے بجائے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، جبکہ انقرہ ایران اور دیگر فریقین کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔