سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا تحریری حکم جاری
عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے آئندہ 2 روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے ،تحریریری حکم
فائل فوٹو
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے آئندہ 2 روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ میڈیکل بورڈ میں فزیشن، جنرل سرجن، انٹرنل میڈیسن اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ اور کارڈیالوجسٹ شامل ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے ڈاکٹر فیصل سلطان اور عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی طبی معائنے اور علاج کے عمل کا حصہ رہنے کی اجازت دے دی ہے۔
تحریری حکم کے مطابق شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات کے تمام اخراجات وہ خود یا ان کے اہلخانہ برداشت کریں گے۔
عدالت نے عمران خان کی فیملی سے ہفتے میں ایک بار ملاقات کرانے جبکہ ان کے بیٹوں کے ساتھ ہفتے میں 2 مرتبہ ٹیلی فونک گفتگو کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ نے گرفتاری کے دن سے اب تک عمران خان کا تمام میڈیکل ریکارڈ اور ٹیسٹ رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے گزشتہ 3 ماہ کے دوران عمران خان سے اہلخانہ اور وکلاء کی ہونے والی تمام ملاقاتوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
عدالت نے عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات، گرفتاریوں، زیرِ سماعت ٹرائلز اور سزاؤں کی مکمل تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سپریم کورٹ نے توہینِ عدالت کی اپیلوں پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 16 ستمبر 2026 کو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔