ای سی سی نے ایک لاکھ 8 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی
برآمد کی جانے والی چینی گزشتہ سال درآمد کی گئی 3 لاکھ ٹن چینی کے اسٹاک کا باقی ماندہ حصہ ہے ، حکام
فائل فوٹو
اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
ای سی سی کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے پاس موجود ایک لاکھ 8 ہزار ٹن چینی برآمد کی جائے گی، جس کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کی برآمدگی بین الاقوامی ٹینڈرنگ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قوانین کے تحت کی جائے گی۔
حکام کے مطابق برآمد کی جانے والی چینی گزشتہ سال درآمد کی گئی 3 لاکھ ٹن چینی کے اسٹاک کا باقی ماندہ حصہ ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ای سی سی نے چینی کے اضافی اسٹاک کو برآمد کرنے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی آگے بڑھانے کی منظوری دی۔