19برس میں پہلی بار شامی وزیرخارجہ کی سرکاری دورے پر پاکستان آمد

اسعدحسن الشیبانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی دعوت پر آئے ہیں

August 20, 2026 · اہم خبریں

 

شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 2روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

یہ گذشتہ 19 برسوں میں کسی بھی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

اسعد الشیبانی بدھ کی شب دیر گئے اسلام آباد پہنچے۔

اسعدحسن الشیبانی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارکی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری نے ان کا استقبال کیا،شامی وزیرخارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی اسلام آباد آیا ہے۔

دمشق سے ایک سفارتی ذریعےنے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اسعد الشیبانی پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ وزیر دفاع اور وزیر تجارت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دورے کے دوران دفاع، اقتصادی تعاون اور مفاہمت سمیت متعدد امور پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دورہ پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعاون کے لیے ’تاریخی‘ ثابت ہوگا۔

پاکسان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس دورے میں دونوں فریق دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کریں گے، باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیں گے اور علاقائی و بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔