پنجاب میں دسمبرسےجنوری کے دوران مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات پراتفاق
الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی حکومت کے نمائندوں کا مشاورتی اجلاس
الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت ،صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے پر متفق ہوگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔اس میںممبران الیکشن کمیشن نثار احمد دُرانی ، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ شریک ہوئے۔
پنجاب حکومت کی طرف سےچار رکنی کابینہ کمیٹی ،وزیربلدیات ذیشان رفیق کی سربراہی میں شریک ہوئی جس میں سردار شیر علی گورچانی وزیر مائنز اینڈ منرل ، سید محمد عاشق حسین شاہ وزیر ایگریکلچر،رانا سکندر حیات وزیر ایجوکیشن شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بھی شرکت کی۔اس کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئرافسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ پنجا ب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ الیکشنزایکٹ 2017 کی دفعہ(3)219اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔
ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ چیف منسٹر پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے اس کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنا ہے۔ اور (Resources) کی مناسب فراہمی کیلئے بھی وقت درکار ہے۔اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے عمل میں ٹیچنگ سٹاف کی خدمات زیادہ درکا ر ہوتی ہیں۔ لہذا انتخابات 15دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کو کرانا زیادہ مناسب ہے ،کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی ہوچکے ہوں گے۔ اور صوبہ میں دھند (Fog) کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبائی حکومت مذکورہ بالا تواریخ کے دوران صوبہ میں مرحلہ وار انتخابات کراانا چاہتی ہے تاکہ مناسب سیکورٹی کی فراہمی اور بہتر انتظاما ت کیئےجاسکیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران کرانے کی تجویز سے اصولی اتفاق کرلیا۔