مولانا فضل الرحمٰن کی محمود خان اچکزئی سے ملاقات،متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق

میرے ہاتھ میں ہوتا تو عمران خان کا علاج ہوچکا ہوتا،مولانا فضل الرحمٰن

August 20, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد؛ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اگر میرے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ہوچکا ہوتا۔

مولانا فضل الرحمٰن کی اپوزيشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی، تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جے یو آئی ف کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا، مولانا فضل الرحمٰن نے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے معاملے پر مزید مشاورت جاری رہے گی، اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ابتدائی مشاورت ہوئی ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اصولی طور پر اتفاق ہوا ہے کہ ہمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہیے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی،  اس پر مزید ملاقاتیں ہوں گی، امید ہے کہ اچھا آغاز ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیلیے بھی ماحول بننا چاہیے

صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ کیا آپ پیپلز پارٹی کو ساتھ ملائیں گے؟ جس پر جواب میں سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کے وفد میں کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے،  محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔