بھارت میں استانی کا تھپڑ، 6 سالہ بچہ کلاس روم میں مر گیا
منظر سی سی ٹی وی پر ریکارڈ خوف اور صدمے سے دل کا دورہ پڑا
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں لٹل گارڈن اسکول میں ہوم ورک نہ کرنے پر استانی کے تھپڑ کے نتیجے میں 6 سالہ معصوم بچہ کلاس روم میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔
یہ واقعہ یو کے جی (UKG) کے طالب علم پرنے تیجا کے ساتھ پیش آیا۔ اسکول کے سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ‘انورادھا’ نامی استانی نے ہوم ورک نہ لانے پر پہلے بچے کو سزا دینے کی کوشش کی اور پھر اسے زوردار تھپڑ مارا۔ تھپڑ لگنے کے چند ہی سیکنڈز بعد معصوم بچہ اوندھے منہ زمین پر گرا اور بے ہوش ہو گیا۔
اسکول کے دیگر اساتذہ نے فوری طور پر بچے کو ہوش میں لانے کی کوشش کی اور اسے تشویشناک حالت میں ‘کنگ جارج ہسپتال’ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے کی موت خوف، صدمے اور گھبراہٹ کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ تاہم، پولیس اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا بچے کو پہلے سے کوئی بیماری لاحق تھی یا نہیں۔ حتمی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بچے کے والدین اور رشتے دار شدید غم و غصے کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے اسکول اور ہسپتال کے باہر شدید احتجاج کرتے ہوئے استانی اور اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت ترین کارروائی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
بھارت میں استانی کا تھپڑ، 6 سالہ بچہ کلاس روم میں مر گیا
منظر سی سی ٹی وی پر ریکارڈ- خوف اور صدمے سے دل کا دورہ پڑا
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں لٹل گارڈن اسکول میں ہوم ورک نہ کرنے پر… pic.twitter.com/XXVgPN8Yq1
— Daily Ummat (@ummatdigitalpk) August 21, 2026
ریاستی وزیر تعلیم ‘نارا لوکیش’ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ دار استانی اور اسکول کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔