پمز میں عارضی ٹینٹ آفس بنا کر نئے سیکرٹری صحت نے کام شروع کردیا

پمز کے انتظامی مسائل،مریضوں کی شکایات اور طبی سہولیات کی بہتری پر براہ راست نگرانی جاری

August 27, 2026 · امت خاص, ہیلتھ

نئے وفاقی سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) محمد محمود نے جمعرات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے لان میں قائم عارضی ٹینٹ آفس سے کام شروع کردیا، جہاں وہ روزانہ موجود رہ کر اسپتال کے انتظامی مسائل، مریضوں کی شکایات اور طبی سہولیات کی بہتری کے معاملات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔

پمز میں سیکریٹری وزارت صحت کیپٹن (ر) محمد محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پمز کے لان میں قائم عارضی ٹینٹ آفس نے کام شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پمز کے مسائل کے حل اور مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے یہاں موجود رہوں گا۔ روزانہ وزارت صحت میں ضروری امور نمٹانے کے بعد پمز کے ٹینٹ آفس میں بیٹھوں گا۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ پمز کے انتظامی مسائل کا حل میری پہلی ترجیح ہے۔ پمز میں بیٹھ کر انتظامیہ، مریضوں اور شہریوں کی شکایات سنوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پمز میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات اعلیٰ سطحی کمیٹی کر رہی ہے۔ امید ہے کمیٹی جلد آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرکے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

محمد محمود نے کہا کہ آتشزدگی میں جاں بحق نومولود بچوں کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ پمز کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی کوشش کریں گے۔ پمز کی گورننس بہتر بنانے اور انتظامی اصلاحات پر فوری توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پمز کے مسائل کے حل اور خدمات کی بہتری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے۔