پشاورمیں شوہر نے اہلخانہ کے ایما پر بچوں کی ماں کو سرعام قتل کردیا

بیوی مسماۃ( ل)پارٹی گرل تھی اور غیرت کےنام پرقتل کیا، قاتل کا بیان، تمام ملزمان گرفتار

August 27, 2026 · چشم حیرت, قومی

فائل فوٹو

پشاور میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنے اہل خانہ کے ایما پر ننھے بچوں کی ماں کو سر عام سڑک پر قتل کردیا۔

ایس  پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی سربراہی میں ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی ہی بیوی کو اپنے ہی گھر کے افراد کی ایماء پر قتل کرنے میں ملوث تمام ملزمان کا چند گھنٹوں میں سراغِ لگا کر گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم زوہیب ولد ارشد حسین نے تھانہ شہید گلفت حسین کی حدود رام پورہ گیٹ میں فائرنگ کرکے اپنی ہی بیوی کو قتل کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ مقتولہ کے والد نجم اقبال ولد اقبال کی مدعیت میں مقتولہ کے شوہر اور دیگر گھر کے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔

ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور اصل حقائق کو جاننے کی خاطر خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

ڈی ایس پی ہشتنگری سرکل وارث خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین سلیم خان خلیل نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان مقتولہ کا شوہر زوہیب، بھائی زبیر پسران ارشد حسین، بہن مسماۃ (  ا ) دختر ارشد حسین اور والدہ مسماۃ ( ز) زوجہ ارشد حسین کا چند گھنٹوں کے دوران سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔

مقتولہ کے شوہر نے اپنی والدہ، بھائی اور بہن کی ایماء پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا جبکہ قتل کو غیرت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے ابتدائی بیان دیا کہ اس کی بیوی مسماۃ ( ل) پارٹی گرل تھی جس کو اس نے غیرت کے نام پر قتل کیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل اور واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔