پشاور کے اسکول میں طلبہ سے صفائی کرانے کا انکشاف، 5 اساتذہ معطل

محکمہ تعلیم نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جسے سات روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

September 2, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا ایکس

فوٹو سوشل میڈیا ایکس

پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول میں طلبہ سے صفائی کروانے کا معاملہ سامنے آنے پر محکمہ تعلیم نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ اساتذہ کو معطل کردیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے اسکول کا اچانک دورہ کیا، جہاں طلبہ سے صفائی کروائے جانے کے معاملے کا انکشاف ہوا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پانچ اساتذہ کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔

محکمہ تعلیم نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جسے سات روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے مطابق سرکاری اسکولوں میں طلبہ سے صفائی یا کسی بھی قسم کی مشقت کروانے کی اجازت نہیں۔ بچوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا محکمہ تعلیم کی ترجیح ہے جہاں وہ اپنی توجہ تعلیمی سرگرمیوں پر مرکوز کرسکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسکول انتظامیہ طلبہ کے لیے بہتر اور تعلیمی سرگرمیوں پر مبنی ماحول یقینی بنائے، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔