ایران کو جوہری معاہدہ یا تباہ کن جنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب جلد کرے، پیٹ ہیگسیتھ

ایران کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا یا پھر ممکنہ فوجی کارروائی کے نتائج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

October 18, 2026 · بام دنیا
ایران کو جوہری معاہدہ یا تباہ کن جنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب جلد کرے، پیٹ ہیگسیتھ

ایران کو جوہری معاہدہ یا تباہ کن جنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب جلد کرے، پیٹ ہیگسیتھ

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے متعلق امریکی مطالبات پر جلد فیصلہ کرے، بصورت دیگر اسے امریکی فوجی کارروائی کے خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکی ریاست ٹینیسی کی ایک یونیورسٹی میں ریزرو آفیسرز ٹریننگ کور کے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا یا پھر ممکنہ فوجی کارروائی کے نتائج کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

امریکی وزیر دفاع کے مطابق ایران اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے روایتی میزائلوں کا بڑا ذخیرہ تیار کر رہا ہے، جبکہ واشنگٹن کو تہران کے جوہری پروگرام پر بھی تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوجی طاقت مخالف فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے ایران پر حزب اللہ اور یمن کے حوثی گروپ کی مالی معاونت کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے فوجیوں اور بحری جہازوں کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

خطاب میں امریکی وزیر دفاع نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا لاطینی امریکا میں ایران، چین اور روس کے اثر و رسوخ کو محدود کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے وینزویلا میں امریکی آپریشن کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس کے طویل المدتی اثرات مرتب ہوں گے۔ پیٹ ہیگسیتھ کے مطابق وینزویلا کے وسیع تیل ذخائر اسے امریکا کے لیے تزویراتی اہمیت کا حامل ملک بناتے ہیں۔