ایران جنگ سے یورپی شہریوں کو 100 ارب یورو سے زائد کا نقصان ہو چکا، اسپین

ایران کے خلاف جاری جنگ کے معاشی اثرات یورپی شہریوں پر بھاری پڑ رہے ہیں

October 18, 2026 · بام دنیا
ایران جنگ سے یورپی شہریوں کو 100 ارب یورو سے زائد کا نقصان ہو چکا، اسپین

ایران جنگ سے یورپی شہریوں کو 100 ارب یورو سے زائد کا نقصان ہو چکا، اسپین

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے معاشی اثرات یورپی شہریوں پر بھاری پڑ رہے ہیں اور اب تک انہیں 100 ارب یورو سے زیادہ کا نقصان ہوچکا ہے۔

پیڈرو سانچیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ جنگ کی مخالفت کرنے والے یورپی رہنماؤں نے درست مؤقف اختیار کیا تھا۔ ان کے مطابق ان رہنماؤں کو خدشہ تھا کہ جنگ کی قیمت بالآخر عام شہریوں کو ادا کرنا پڑے گی۔

برسلز میں یورپی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کی مخالفت کرنے والوں کے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے اثرات نہ صرف بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے حوالے سے تشویش کا باعث ہیں بلکہ اس کے معاشی اور سماجی نتائج بھی شہریوں کو متاثر کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسپین کی پارلیمان نے 12 ارب یورو سے زائد مالیت کے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جنگ کے باعث متاثر ہونے والے معاشی شعبوں اور اپنی ذاتی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

پیڈرو سانچیز نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم ضرورت جنگ کو جلد از جلد ختم کرنا ہے تاکہ اس کے مزید معاشی اور سماجی نقصانات سے بچا جاسکے۔