کولکتہ میں درگا پوجا کے دوران بھگدڑ، 17 افراد ہلاک، 25 زخمی

یہ واقعہ 17 اکتوبر کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر گریش پارک پولیس اسٹیشن کی حدود میں درگا پوجا کے پنڈال کے خارجی راستے پر پیش آیا

October 18, 2026 · بام دنیا
کولکتہ میں درگا پوجا کے دوران بھگدڑ، 17 افراد ہلاک، 25 زخمی

کولکتہ میں درگا پوجا کے دوران بھگدڑ، 17 افراد ہلاک، 25 زخمی

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں درگا پوجا کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 17 اکتوبر کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر گریش پارک پولیس اسٹیشن کی حدود میں درگا پوجا کے پنڈال کے خارجی راستے پر پیش آیا۔ حکام ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرین میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہوسکتی ہے جو کولکتہ سے باہر کے مختلف اضلاع سے مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کے قریب شدید بارش شروع ہونے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ تنگ گلیوں میں واقع پوجا پنڈال میں پناہ لینے کے لیے پہنچے۔ اس دوران پنڈال کے اندر موجود افراد کو باہر نکلنے میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ باہر موجود لوگ بھی اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے۔

دھکم پیل کے نتیجے میں عارضی سیڑھیوں پر بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد ایک دوسرے کے اوپر گر پڑے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ تقریباً پانچ سے سات منٹ کے دوران پیش آیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ پنڈال کو سیل کردیا، جبکہ کولکتہ کی تین دیگر بڑی درگا پوجا تقریبات کو بھی زائرین کے لیے بند کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا پنڈال میں درگا کے مجسمے کے نیچے نصب لوہے کے ڈھانچے کا کوئی حصہ گرا تھا یا نہیں۔

واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں متعدد افراد کو زمین پر پڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔

بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ ان کے دفتر کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو وزیرِاعظم کے قومی امدادی فنڈ سے فی کس دو لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے امداد دی جائے گی۔