عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.1 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 426.70 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 1.5 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 480.10 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
فائل فوٹو
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اچانک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی قدر اور امریکی ٹریژری بانڈز کی شرحِ منافع میں کمی بتائی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.1 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 426.70 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 1.5 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 480.10 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
اس سے ایک روز قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، تاہم ڈالر کی کمزوری اور امریکی ٹریژری ییلڈز میں کمی نے قیمتی دھات کی قیمتوں کو دوبارہ سہارا دیا۔
ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کمزور ہونے کی صورت میں دوسری کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے سونا نسبتاً سستا ہوجاتا ہے، جس سے اس کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اب سرمایہ کاروں کی توجہ امریکا کے روزگار سے متعلق اعداد و شمار پر مرکوز ہے، جو امریکی مرکزی بینک کی جانب سے رواں ماہ شرح سود میں تبدیلی کے امکانات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
عالمی معاشی ماہرین کے مطابق اگر امریکی روزگار کے اعداد و شمار توقعات سے کمزور رہے اور شرح سود میں کمی کے امکانات بڑھ گئے تو سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سونا 4 ہزار 400 ڈالر فی اونس کی سطح سے اوپر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو قیمت 4 ہزار 500 ڈالر اور اس کے بعد 4 ہزار 700 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
مارکیٹ کے موجودہ اندازوں کے مطابق رواں ماہ امریکی شرح سود میں تبدیلی کے امکانات پر بھی سرمایہ کار گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔