غزہ میں اسرائیلی حملے، میاں بیوی اور 17 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید
جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 1,500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی حملے، میاں بیوی اور 17 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید
غزہ: اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں میاں بیوی اور 17 سالہ نوجوان سمیت 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق غزہ شہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر فضائی حملے کے نتیجے میں اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابوبکر شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے بعد ازاں دعویٰ کیا کہ اکرم یاسین حماس کے سکیورٹی ادارے کے ایک سینئر عہدیدار تھے۔
ادھر جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے 17 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا، جبکہ غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون میں بھی فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
غزہ کے شہریوں نے جنگ بندی کے باوجود جاری حملوں، گولہ باری اور ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود علاقے میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 1,500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔