حوثیوں اور یمنی فوج میں گھمسان کی جنگ،120 سے زائد افراد ہلاک
یمن میں بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں اور تعیز کے اطراف شدید جھڑپیں
یمن میں حوثی اکثریتی جماعت انصار اللہ اور یمنی فوج کے درمیان مغربی ساحل کے قریب شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں 120 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں حکومتی فورسز کے 24 اہلکار جبکہ تعیز کے علاقے میں 15 اہلکار مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یمنی فوجی حملوں میں بھی 42 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے، مجموعی طور پر 120 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق یمن میں جمعرات کو اس وقت شدید جھڑپیں شروع ہوئیں جب حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں اور تعیز کے اطراف حملے کیے۔ انصار اللہ نے یمنی فوج پر ڈرون اور میزائلوں سے حملے کیے۔
رپورٹ میں یمنی حکومتی فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حوثی کئی ہفتوں سے حملوں کی زد میں موجود اہم بندرگاہی شہر موخا کو دیگر حکومتی علاقوں سے کاٹنے اور آبنائے باب المندب سے متصل علاقوں کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہے ہیں۔