بیرون ملک سفر کے لیے ویکسی نیشن،گردن توڑ بخارکا سرٹیفکیٹ ضروری قرار

بین الاقوامی مسافروں کی ویکسی نیشن اور طبی ریکارڈ ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ

September 5, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر سے آنے والے اور جانے والے افراد حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ گردن توڑ بخار کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ مسافروں کے پاس ہونا چاہیے اور حج اور عمرہ پر جانے والوں کے لیے یہ سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر میں بین الاقوامی مسافروں کو ویکسی نیشن کی سہولت ملے گی، ان کی انٹری نادرا کے ڈیٹا بیس میں ریکارڈ ہوگی۔

بہت سارے لوگ علاج معالجے کے لیے بھی سفر کرتے ہیں، جو بھی پرواز سے آئے گا، ہیلتھ ڈیسک کے پاس اس کا ڈیٹا رکھا جا رہا ہے۔ یہ سارا سسٹم کیش لیس اور ڈیجیٹائز ہے، ہم ہوں یا نہ ہوں یہ نظام چلے گا، نادرا سے سرٹیفکیٹ کی جانچ ہوجائے گی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سفر کے لیے اب ویکسی نیشن لازمی کرانی ہوگی، ایئرپورٹ پر محکمہ صحت اور نادرا کا کاؤنٹر بھی موجود ہوگا۔

زیادہ تر ڈی پورٹ ہونے والے طبی بنیادوں پر واپس آتے ہیں۔ فلو، گردن توڑ بخار اور پولیو کا ایک سرٹیفکیٹ ڈیجیٹل ہوگا، پاکستان کے تمام شناختی کارڈ نمبر میڈیکل ریکارڈ نمبر بن جائیں گے۔