جونیئر ایشیا کپ، پاکستان نے ملائیشیا کو 25 سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے ولید رانا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں لگاتار دو گول اسکور کیے، جس سے پاکستان کی برتری 4-1 ہوگئی۔

September 8, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

 

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

چین میں جاری ایونٹ کے پول بی کے اہم میچ میں ملائیشیا نے ابتدائی برتری حاصل کی، جب محمد صالحی نے نویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔

پاکستان نے دوسرے ہاف میں کھیل کا نقشہ بدل دیا۔ 32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا، جبکہ چار منٹ بعد عبداللہ سمیع رانا نے گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کو برتری دلا دی۔

پاکستان کی جانب سے ولید رانا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39ویں اور 40ویں منٹ میں لگاتار دو گول اسکور کیے، جس سے پاکستان کی برتری 4-1 ہوگئی۔

پاکستان نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کرکے ملائیشیا کے لیے واپسی کے امکانات تقریباً ختم کردیے۔

ملائیشیا کی جانب سے گناسیلن دھیرش نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے باقی وقت میں دفاع مضبوط رکھا اور 2-5 سے کامیابی حاصل کرلی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ پاکستان کی جونیئر ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔