26 نومبر احتجاج کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے وارنٹ برقرار

حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد،پولیس کو جلد چالان پیش کرنے کی ہدایت

September 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، عبدالغنی آفریدی، جنید اکبر اور دیگر کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس میں وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے آج پیش نہ ہونے والے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی بھی جاری ہے، جبکہ ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کے لیے دائر درخواستیں مسترد کردی گئیں۔

عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کا چالان جلد پیش کیا جائے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

سہیل آفریدی اور دیگر کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔