ایرانی عہدیدار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ حکام کے دورۂ تہران کی تصدیق کر دی
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور سکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی عہدیدار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ حکام کے دورۂ تہران کی تصدیق کر دی
ایرانی عہدیدار علی باقری نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ حکام تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور سکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر آئی بی سے گفتگو کرتے ہوئے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری نے بتایا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی حکام کو تینوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداروں کے دورۂ تہران اور مشترکہ اجلاس کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
علی باقری کے مطابق ایران اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تعاون کے ذریعے خطے کی سکیورٹی سے متعلق معاملات پر پیش رفت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں حالیہ جنگ کے دوران ایران کے حاصل کردہ تجربات سے استفادے کا بھی ذکر کیا۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے روئٹرز نے دو باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ حکام 26 اکتوبر کو تہران میں علاقائی رابطہ کاری کے امور پر بات چیت کریں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے اوائل میں ریاض میں ہونے والے ہنگامی اجلاس کے دوران ان تینوں ممالک کے حکام نے سعودی عرب میں فوجی دستوں اور عسکری صلاحیتوں کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا۔