ایک کروڑ پاکستانی پرامن طور پر باہر نکل آئے تو نظام گر جائے گا: سلمان اکرم راجہ
ا حتجاج صرف کسی ایک سیاسی جماعت تک محدود نہیں ہوتا بلکہ سیاسی جماعت آواز بلند کرتی ہے اور سیاسی کارکن اس میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
اسلام آباد( اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اپنی ناراضی کا اظہار کرنے کے لیے پرامن اور منظم انداز میں گھروں سے باہر نکلنا چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ احتجاج صرف کسی ایک سیاسی جماعت تک محدود نہیں ہوتا بلکہ سیاسی جماعت آواز بلند کرتی ہے اور سیاسی کارکن اس میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ کئی روز سے ملک کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور بعض افراد کو بغیر مقدمات کے حراست میں لیے جانے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ ان کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد اور میانوالی سمیت مختلف علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہے۔
سلمان اکرم راجہ کی پی ٹی آئی 27 ستمبر لانگ مارچ سے متعلق گفتگو pic.twitter.com/AOAE4QVfZU
— Hussain Ahmed Ch (@HussainAhmedCh8) September 10, 2026
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام اپنے گھروں سے نکل کر اپنے علاقوں کی سڑکوں اور چوکوں میں پرامن انداز میں کھڑے ہوں، کیونکہ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ اگر بڑی تعداد میں پاکستانی شہری پرامن طور پر باہر نکل کر اپنے مؤقف کا اظہار کریں تو اس کے لیے کسی اور اقدام کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق پارٹی کی جانب سے یہ آواز آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بلند کی جاتی رہے گی۔