مومنہ اقبال سے پہلی نظر میں پیار ہوگیا تھا،ثاقب چدھڑ کا انکشاف
اداکارہ کو دیکھتے ہی وہ انہیں پسند کرنے لگے اور چند ہی منٹوں میں ان کے ذہن میں مومنہ سے شادی کرنے کا خیال آیا۔
فائل فوٹو
اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق تنازع کے باعث خبروں میں رہنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ سے متعلق اپنے ماضی کے جذبات کے بارے میں گفتگو کی ہے۔
صحافی ارشاد بھٹی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ثاقب چدھڑ نے بتایا کہ انہوں نے مومنہ اقبال کو پہلی مرتبہ ایک شادی کی تقریب میں دیکھا تھا۔ ان کے مطابق اداکارہ کو دیکھتے ہی وہ انہیں پسند کرنے لگے اور چند ہی منٹوں میں ان کے ذہن میں مومنہ سے شادی کرنے کا خیال آیا۔
ثاقب چدھڑ کا کہنا تھا کہ وہ مومنہ اقبال کے ساتھ کسی قسم کے تعلق کے بجائے براہِ راست شادی کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے اداکارہ کو شادی کی پیشکش بھی کی تھی۔
لیگی رہنما نے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ اس وقت وہ پہلے ہی دو شادیوں میں تھے۔ ان کے مطابق ان کی دونوں اہلیہ مومنہ اقبال سے شادی کرنے کی خواہش سے واقف تھیں، جبکہ مومنہ اقبال کو بھی ان کی دونوں شادیوں کے بارے میں علم تھا۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تنازع خبروں میں ہے۔ اداکارہ کی جانب سے ثاقب چدھڑ پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ ثاقب چدھڑ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اداکارہ کے حوالے سے اپنے مؤقف اور جوابی الزامات پیش کرتے رہے ہیں۔
دونوں جانب سے سامنے آنے والے مؤقف کے باعث معاملہ سوشل میڈیا اور میڈیا میں بھی زیر بحث رہا ہے، تاہم الزامات سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی فورم ہی کرے گا۔