پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں کے 100 فیصد فزیکل معائنے کا فیصلہ
اسکولوں کے معائنے کے دوران تدریسی عمل اور تعلیم کے معیار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
فائل فوٹو
پنجاب کے تمام اسکولوں کا 100 فیصد فزیکل معائنہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کو اپنی حدود میں آنے والے تمام اسکولوں کے لازمی دورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت کے مطابق اے ای اوز اپنے دوروں کی رپورٹس ماہانہ مانیٹرنگ ایپ پر لازمی طور پر اپ لوڈ کریں گے۔ اسکولوں کے معائنے کے دوران تدریسی عمل اور تعلیم کے معیار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
معائنے کے دوران اسکولوں کی صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی صورتحال بھی چیک کی جائے گی۔ کلاس رومز، واش رومز، گراؤنڈز، لان اور چھتوں کی صفائی کا جائزہ لینے کے ساتھ پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کی فعالیت بھی دیکھی جائے گی۔
اس کے علاوہ اسکولوں میں صاف پینے کے پانی اور فعال واش رومز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اسکولوں میں سکیورٹی انتظامات اور متعلقہ ایس او پیز پر عملدرآمد بھی چیک کیا جائے گا، جبکہ نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سکیورٹی آلات کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
تمام اے ای اوز کو اپنے تفویض کردہ اسکولوں کا 100 فیصد فزیکل انسپیکشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بھی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ہدایت