وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے سینئر افسران سے نوکریاں نہ بیچنے کا حلف لے لیا

اگر نوکریوں کی خرید و فروخت کا معاملہ ثابت ہوا تو اس میں ملوث کسی سیکرٹری یا وزیر کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔

September 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں سرکاری ملازمتوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے سینئر افسران سے حلف لے لیا۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے سینئر افسران سے اس عزم کا اظہار کروایا کہ بلوچستان میں کسی بھی سرکاری نوکری کی فروخت یا خرید و فروخت نہیں ہوگی۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ اگر نوکریوں کی خرید و فروخت کا معاملہ ثابت ہوا تو اس میں ملوث کسی سیکرٹری یا وزیر کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا۔