خیبر پختونخوا میں ڈرون حملوں کا خطرہ، تھانوں پر آہنی جالیاں نصب
گزشتہ چند روز کے دوران پشاور میں ڈرون کاپٹرز کے دو حملے کیے گئے، جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں تقریباً 250 ڈرون حملے ناکام بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے
فوٹو سوشل میڈیا ایکس
پشاور: خیبر پختونخوا پولیس نے ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر مختلف تھانوں اور چیک پوسٹوں پر آہنی جالیاں نصب کرنا شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حساس علاقوں میں قائم تھانوں اور چوکیوں پر مچھلی پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والے جال بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ممکنہ ڈرون حملوں کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کاپٹرز سے لاحق خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پشاور اور خیبر کے مختلف تھانوں میں بھی آہنی جالیاں نصب کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران پشاور میں ڈرون کاپٹرز کے دو حملے کیے گئے، جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں تقریباً 250 ڈرون حملے ناکام بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حساس مقامات کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے دیگر حفاظتی اقدامات بھی جاری ہیں۔