امام الحق اور محمد رضوان این سی سی آئی اے میں طلب

دونوں کرکٹرز سے دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے بعض معاملات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی

September 10, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے دورۂ انگلینڈ سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز سے دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے بعض معاملات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تاہم این سی سی آئی اے کی تحقیقات کی نوعیت اور دیگر تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آسکیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ سے متعلق مبینہ نظم و ضبط اور کھلاڑیوں کے رویے کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کا اندرونی جائزہ شروع کر رکھا ہے۔

پی سی بی کے مطابق معاملے کو بورڈ کے طے شدہ قوانین اور طریقہ کار کے تحت دیکھا جا رہا ہے۔ تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ افراد کا مؤقف اور معاملے کے دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔

یہ پیش رفت قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے دورۂ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن اور آف دی فیلڈ سرگرمیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان رپورٹس میں محمد رضوان اور امام الحق کے نام بھی مبینہ طور پر لیے گئے تھے۔

تاہم این سی سی آئی اے کی جانب سے طلبی کی وجوہات اور تحقیقات کے نتائج کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔