پی ٹی آئی پنجاب کا اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ،سہیل آفریدی کو دعوت
پی ٹی آئی ارکان نے کریک ڈاؤن کےباوجود پنجاب میں عوامی تحریک شروع کرنےکی حمایت کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے لیے قیادت نے سہیل آفریدی کو پنجاب آنے کی دعوت دے دی۔
رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے کہا ہے کہ متفقہ طور پر پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ جب تشریف لائیں گے ہم انہیں ویلکم کریں گے۔
دوسری جانب اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے صوبے میں جاری کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ارکان نے اجلاس میں کہا کہ پنجاب میں کارکنان پر بدترین کریک ڈاؤن شروع ہوچکا ہے، اسٹریٹ موومنٹ کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، تاہم لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں اکثریتی ارکان اسٹریٹ موومنٹ کے حامی نکلے اور کہا کہ ملکی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب کی عوام نکلنے کے لیے تیار ہے۔
سہیل آفریدی نے جواب دیا کہ ہم کسی سے نہیں ڈریں گے، آپ جہاں بلائیں گے میں آؤں گا۔
پنجاب کی قیادت نے اکثریتی ارکان کی حمایت کے بعد اسٹریٹ موومنٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تاریخ اور وقت کا اعلان وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔