محسن نقوی سے بیک ڈور رابطے ہیں،مگر تفصیلات نہیں بتا سکتے:بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا 27 ستمبر کا احتجاج ملتوی نہ کرنے کا اعلان
فائل فوٹو
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر رابطہ رہتا ہے، تاہم اس کی تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتے، حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے جسے کبھی چھپایا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کو مؤخر کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں،جبکہ احتجاج کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کے لیے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج صرف پی ٹی آئی کا اکیلا فیصلہ نہیں بلکہ تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے اور 27 ستمبر کے احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے اور بات چیت کرنے کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا ہے، تاہم فی الحال حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا خط موصول ہونا اچھی بات ہے اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے خط پر کوآرڈینیشن کی جا رہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 10 ماہ سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔